بیجنگ (لاہورنامہ) 14 ویں نیشنل پیپلز کانگریس کے دوسرے اجلاس میں پیپلز لبریشن آرمی اور پیپلز آرمڈ پولیس فورس وفد کے ترجمان وو چیان نے کہا کہ رواں سال چین کے قومی دفاعی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا ہے جو شفاف، معقول اور معتدل ہے۔
ہفتہ کے روز چینی میڈیا گروپ کے مطابق انہوں نے کہا کہ چینی حکومت، قومی دفاع کی تعمیر اور معاشی تعمیر کی مربوط ترقی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور قومی دفاعی اخراجات کے پیمانے کامنطقی طور پر تعین کرتی ہے.
حالیہ برسوں میں، قومی خودمختاری، سلامتی ، ترقیاتی مفادات کے تحفظ اور چینی خصوصیات کے ساتھ فوجی اصلاحات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے، چینی حکومت نے پائیدار اور مثبت معاشی وسماجی ترقی کو برقرار رکھتے ہوئے قومی دفاعی اخراجات میں معقول اور مستحکم ترقی کو برقرار رکھا ہے اور قومی دفاع اور معاشی طاقت کی بیک وقت بہتری کو فروغ دیا ہے.
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر فوجی طاقتوں کے مقابلے میں چین کے دفاعی اخراجات مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی)، قومی مالی اخراجات کے تناسب، فی کس قومی دفاعی اخراجات اور فوجی دفاعی اخراجات کے تناسب کے لحاظ سے نسبتا کم ہیں۔
حقائق ثابت کر چکے ہیں اور ثابت کرتے رہیں گے کہ چین کے محدود دفاعی اخراجات قومی خودمختاری، سلامتی ،ترقیاتی مفادات کے دفاع اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کلی طور پر پرناگزیر ہیں اور چین کی مسلح افواج ہمیشہ عالمی امن کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط قوت رہیں گی۔