منعقدہ الوداعی تقریب

شی جن پھنگ کی سربیا کے صدر کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت

بلغراد (لاہورنامہ) چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوآن نے سربیا کے پیس ولا میں صدر ووچیچ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے منعقد کی گئی الوداعی تقریب میں شرکت کی۔

جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطابق تقریب میں سربیا کے صدر ووچیچ نے سربیا کے بنیادی ڈھانچے اور شہری تعمیرات میں اہم شراکت کے لیے چینی کاروباری اداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سربیا چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی قومی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین نہ صرف اپنی بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کی مشترکہ ترقی کا خواہاں ہے اور یہی بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط چین کسی بھی طرح دنیا کے لیے خطرہ نہیں ہے۔

ووچیچ نے ایک بار پھر صدر شی جن پھنگ کے سربیا کے سرکاری دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس تاریخی دورے سے سربیا اور چین کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لیا جائے گا۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ ان کا یہ دورہ بہت خوشگوار اور دل کو چھو لینے والی یادوں کے ساتھ بہت کامیاب رہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ چین-سربیا تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرنے اور نئے دور میں چین سربیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے صدر ووچیچ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

بعد ازاں صدر ووچیچ اپنی اہلیہ سمیت صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ کو رخصت کرنے ہوائی اڈے گئے۔ ہوائی اڈے کے راستے میں مقامی لوگوں اور سربیا میں مقیم چینیوں نے چین اور ہنگری کے قومی پرچم لہراتے ہوئے معزز مہمانوں کو سربیا کے کامیاب دورے پر مبارکباد د ی ۔

شی جن پھنگ کے خصوصی طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد، سربیا کی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں نے خصوصی طیارے کو اپنی حفاظت میں لیا۔