بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے چین کے شہر ڈالیئن میں 2024 سمر ڈیووس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
لی چھیانگ نے کہا کہ موجودہ عالمی اقتصادی ترقی ایک اہم موڑ کا سامنا کر رہی ہے۔ ہمیں عالمی معیشت کو درپیش ترقی کی مشکل صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے سائنسی اور تکنیکی انقلاب اور صنعتی تبدیلی کے نئے دور کے بڑے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا اور معاشی ترقی کے لئے طاقت کے نئے ذرائع دریافت کرنے ہوں گے۔
چینی وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ چین کی نئی صنعتوں کا تیزی سے ابھرنا عالمی سائنسی اور تکنیکی انقلاب اور سبز ترقی کے عمومی رجحان سے مطابقت رکھتا ہے اور چین کی معیشت کی پائیدار اور صحت مند ترقی کی بھرپور حمایت کرتا ہے بلکہ دنیا بھر کے کاروباری اداروں کے لئے تعاون کے مزید مواقع فراہم کرتا ہے.
لی چھیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ہمیشہ ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کی عمومی سمت برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے ہوں گے۔
سائنسی اور تکنیکی تبادلوں اور تعاون کو گہرا کیا جائے، سبز ترقی کو مضبوط کیا جائے، کھلی مارکیٹ کے ماحول کو برقرار رکھا جائے اور جامع اور فائدہ مند ترقی کو فروغ دیا جائے تاکہ جدت طرازی کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ ممالک اور لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے.
پولینڈ کے صدرآنجے دودا اور ویتنام کے وزیر اعظم فام منہ چن نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور تقاریر کیں۔ افتتاحی تقریب میں 100 سے زائد ممالک اور علاقوں کے 1700 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔