چین-جنوبی ایشیا ایکسپو 23 سے 28 جولائی تک کھون منگ میں منعقد ہوگی

بیجنگ (لاہورنامہ) چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں وزارت تجارت کے متعلقہ انچارج نے بتایا کہ چین۔جنوبی ایشیا ایکسپو 23 سے 28 جولائی تک صوبہ یون نان کے صدر مقام کھون منگ میں منعقد ہو گی، جس کا موضوع "اتحاد اور تعاون کریں، مشترکہ ترقی کی تلاش کریں۔”

منگل کے روز وزارت تجارت کے نائب وزیر لی فی نے کہا کہ 2013 میں کھون منگ میں پہلی چین۔جنوبی ایشیا ایکسپو کے انعقاد کے بعد سے چین اور جنوبی ایشیائی ممالک نے گزشتہ 11 سالوں میں مختلف شعبوں میں مسلسل عملی تعاون کو مضبوط کیا ہے اور تجارتی تبادلے کا اچھا رجحان برقرار رہا ہے۔

2023 میں چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 200 بلین امریکی ڈالر کے قریب پہنچ گیا، جو 2013 کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ چین ، پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرتا جا رہا ہے۔

جنوبی ایشیائی ممالک سے زیادہ سے زیادہ مصنوعات چینی مارکیٹ میں داخل ہو چکی ہیں اور انہیں چینی صارفین بے حد پسند کرتے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر بتدریج آگے بڑھ رہی ہے، اور متعدد بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جیسے کہ قراقرم ہائی وے کی اپ گریڈیشن کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے، جس سے مقامی روزگار اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار حالات پیدا ہو رہے ہیں۔