لاہور:احتساب عدالت نے پیرا گون ہاﺅسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی ۔
احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی سکینڈل کی سماعت کی ۔ دوران سماعت جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست کمرہ عدالت میں جمع کروا دی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اب تو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں چل رہا ہے پھر وہ اسلام آباد میں کیوں ہیں۔
جیل حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانو و انصاف کا اجلاس ہے جس کی وجہ سے خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں ہیں۔تفتیشی افسر کی غیر حاضری پر عدالتی استفسار پر نیب حکام نے بتایا کہ تفتیشی افسر بیمار ہے ۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی سکینڈل کے حوالے سے حتمی رپورٹ کیوں نہیں آئی، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے بعد ازاںخواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو مزید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔پولیس کی جانب سے احتساب عدالت کے اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ یکجہتی کے لئے آنے والے کارکنوں نے خواجہ برادران کے حق میں نعرے لگائے ۔