لاہور:نیب آرڈیننس کے تحت سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اوردیگر کو دی جانے والی سزائیں معطل کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔
درخواست لائرز فاﺅنڈیشن فار جسٹس کے سربراہ ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر نے دائر کی ۔درخواست میں وفاقی حکومت ، چیئرمین نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نیب آرڈیننس1999 میں نیب بیورو کی تشکیل کا کوئی تصور موجود نہیں۔
نیب آرڈیننس کی قانون سازی میں نیب بیورو اور ممبران کی تقرری سے متعلق کوئی شق موجود نہیں۔ نیب قانون خاموش ہے کہ کتنے ممبران بیورو کی تشکیل کریں گے اور ان ممبران کی تقرری کون کرے گا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب قانون میں قدغن کے باعث باڈی کے چیئرمین کی بھی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
عدالت سے استدعا ہے کہ نیب آرڈیننس 1999 کو کالعدم قرار دیا جائے اور نیب آرڈیننس کے تحت ملزمان کی سزائیں ، ریفرنسز اور مقدمات بھی کالعدم قرار دے کر مرکزی مقدمے سے متعلق عدالت نیب آرڈیننس کے تحت تمام سزاﺅں پر حکم امتناعی جاری کرے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مرکزی مقدمے کے حتمی فیصلے تک نواز شریف سمیت دیگر ملزمان کی سزائیں معطل قرار دے۔