زرعی پروگرام کی

290ارب روپے کے زرعی پروگرام کی منظوری سے زراعت میں انقلاب آئےگا‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ 290ارب روپے کے زرعی پروگرام کی منظوری سے زراعت میں انقلاب آئے گا جس سے کئی صنعتیں عروج حاصل کریں گی ، حکومت نے زراعت کی ترقی کےلئے جدید مشینری کے استعمال اور ریسرچ پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہماری پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا ،کسان کی خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے اور اسی تناظرمیں فصلوں کی انشورنس سمیت دیگر کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مقامی ہوٹل میں ”معیشت میں زراعت کا کردار “کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے زراعت کے شعبے کویکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے ہمارا کسان متنفر ہو رہا تھا۔ موجودہ حکومت نے زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی کےلئے عملی اقدامات شروع کر دئیے ہیں جس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ جدید مشینری کااستعمال اورریسرچ پر توجہ نہ ہونے کی وجہ سے ہماری پیداوار کئی ممالک کے مقابلے میںبہت کم ہے اسی لئے حکومت اس پر بھرپور فوکس کر رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کسان کو اس کی فصل کا صحیح معاوضہ دلانے کےلئے قیمتوںکا میکنزم لایا جائے گا اور کسی کوبھی کسان کا استحصال کرنے کی اجازت نہیںدیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ انشااللہ ہماری زراعت ترقی کرے گی اور ہم اپنی زرعی مصنوعات کی برآمدات بھی کریں گے ۔

حکومت روایتی اجناس کے ساتھ کسانوںکو نئی فصلوں کی پیداوار کی جانب راغب کرنے کےلئے بھی اقدامات اٹھائے گی جس سے معیشت میں زراعت کا کردار مزید بڑھ جائے گا۔