اسلام آباد: ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد وطن واپس چلے گئے، ایئر پورٹ پر مہاتیر محمد کو جے ایف 17 تھندر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
مہاتیر محمد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ نور خان ایئر بیس پہنچے جہاں انہیں جے ایف 17 تھنڈر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے فضائیہ کی جیکٹ بھی پہن رکھی تھی، معزز مہمان نے طیارے کا معائنہ بھی کیا جس کے بعد وہ وطن روانہ ہوگئے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، ملائیشیا پاکستان میں پہلا کار پلانٹ لگائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان 90 کروڑ ڈالر کے تجارتی معاہدے کئے گئے جبکہ ٹیلی کام ، آٹو، موبائل، زراعت، سیاحت، حلال فوڈز کے شعبوں میں بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے عمران خان کو کار کی چابی بھی پیش کی، ایوان صدر میں ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازاگیا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کو نشان پاکستان لگایا۔