یورپی یونین

پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات تعاون کے تمام پہلوئوں میں مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یورپی یونین کو د عوت دی ہے کہ وہ بہتر کاروباری ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرے ۔وہ پیر کے روز اسلام آباد میں یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کی اعلی نمائندہ فیڈریکا موگیرینی سے گفتگو کرر ہے تھے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے انہوں نے اطمینان کااظہار کیاکہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات تعاون کے تمام پہلوئوں میں مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کے بارے میں یورپی یونین کے حالیہ فیصلے کو سراہا جس سے مذہبی خیالات اور عقیدے کے حوالے سے آزادی اظہار رائے اور نفرت کو ہوا دینے میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔صدر نے کہا کہ پاکستان آزادی اظہار رائے کے حق کے ذمہ دارانہ استعمال پر یقین رکھتا ہے کیونکہ آزادی اور ذمہ داری کا گہرا تعلق ہے

۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے خواہ ایسا کرنے والے افراد گروپ یا ملک ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے نیو کلیئر سپلائی گروپ کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے اور اس میں شرکت کیلئے باقاعدہ درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔انہوں نے کہاکہ گروپ میں شمولیت سے پاکستان کو ٹھوس فوائد حاصل ہوں گے۔

انہوں نے گروپ پر زور دیا کہ غیر جانبدار ملکوں کیلئے غیر امتیازی اور آزادانہ معیار پر رکنیت دینے کا جائزہ لیا جائے جو بیک وقت ان سب پر لاگو ہیں۔خارجہ اور سیکورٹی پالیسی کے بارے میں یورپی یونین کی اعلی نمائندہ فیڈریکا موگیرینی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے وسیع امکانات ہیں جن سے بھرپور طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے