لاہور( این این آئی )ایران پا ک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اورگیس معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے ،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور معاشی اہداف کا حصول ناممکن ہو جائے گا جس سے معاشی شرح نمو کا ہدف بھی حاصل نہیں ہو سکے گا، مالی سال کا خسارہ اور کھاتے کا خسارہ بھی زائد رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال چیمبر آف کامرس کے عہدےداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات سے ملک میں پیداواری صلاحیت کو وسیع اور ترقی کی رفتار کو بڑھا سکتی ہے۔ صنعتی شعبے کی پیداوری لاگت میں کمی کیلئے بجلی وگیس سستی کرنا ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرنٹ اکاونٹ خسارہ اورتجارتی خسارہ کم نہیں کر سکی جس کی وجہ سے روپے کی قیمت میں دن بدن کمی ہوتی جا رہی ہے۔
ڈالر اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کے عفریت نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اور مشینری کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے جبکہ امپورٹرز کو اربوں کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکومت کی معاشی ٹیم کو مضبوط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس سے مہنگائی اور بے روزگاری کنٹرول کرکے ڈالر کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اورمنی لانڈرنگ کے ذریعہ ملک سے باہر لیجائی جانے والی کھربوں روپے کی رقم کو واپس لایاجائے،وزراءاور بیوروکریسی کے شاہانہ اخراجات ختم کئے جائیں ۔
بیرون ملک سے منگوائی جانے والی پر تعیش اشیاءپر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔