ایل این جی

ایل این جی کوٹہ کیس ، شاہد خاقان عباسی نے نیب کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ، ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک پوچھ گچھ

اسلام آباد /راولپنڈی (این این آئی) سابق وزیر اعظم اور (ن)لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کوٹہ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ، سابق وزیر اعظم ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک نیب دفتر میں رہے اور نیب کی ٹیم کی جانب سے سوالات پوچھے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا ہے ، سابق وزیراعظم ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک نیب دفتر میں رہے اور نیب ٹیم کی جانب سے سوالات پوچھے گئے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نیب جب طلب کرےگا ہم حاضر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں اپنے جوابات سے مطمئن ہوں نیب والے مطمئن ہیں یا نہیں ان سے پوچھیں ۔

انہوںنے کہاکہ میاں صاحب کو علاج کے لئے باہر جانے کی ضرورت پیش آئی تو اپلائی کر دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ علاج کا معاملہ ہے انسانی حقوق کی بات ہے۔انہوںنے کہاکہ نیا پاکستان ہے مہنگائی مبارک ہوآپ کو۔ نیب پیشی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مشورہ دیا ہے کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کوجھگڑا کر نے کی بجائے ملکر ملک چلانا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا رکھی ہے۔ نیب پیشی کے حوالے سے صحافی نے سوال کیا کہ کای آپ کی گرفتاری بھی ہوسکتی ہے جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ گرفتاری ہو گی تو میڈیا کو خوشی ہو گی مگر مجھے مایوسی ہو گی۔