فرنیچر کی صنعت

فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی سرمایہ کاروں ،کاروباری شخصیات کا وفد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرےگا

لاہور ( این این آئی)پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کا وفد فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ لینے اور موجودہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔

انہوں نے منگل کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے موقع پراٹھائے جانے والے اقدامات کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے دوران سعودی سرمایہ کاروں اور تاجروں نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے ورلڈ کلاس روایتی فرنیچر میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پی ایف سی کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دورہ سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کے مابین روابط مزید مستحکم ہوں گے اور علاقائی اقتصادی حکمت عملی و شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے ممکنہ تنظیموں اور اداروں کی نشاندہی کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے ”ویژن 2030“ کے مطابق سی پیک منصوبوں میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے جس کا مقصد تیل کی معیشت پر انحصار کو کم کرتے ہوئے معیشت کو متنوع بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے ممالک میں فرنیچر مصنوعات کی نمائش کے علاوہ کاروبار سے متعلق امورکو سہل بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ میاں کاشف اشفاق نے مزید کہا کہ یہ دورہ باہمی تجارت کے فروغ اور عالمی اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے باہمی کوششوں میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے معیشت کی بحالی کے لئے فعال کردار کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار اور خریدار پاکستان کی طرف متوجہ ہوئے ہیں اور برآمدات کے حجم میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب پاکستانی فرنیچر پروڈیوسرز کے لئے بڑی منڈی ہے کیونکہ وہاں فرنیچر کی تجارت کو فروغ دینے کی بہت بڑی گنجائش موجود ہے اور پاکستان کے ہاتھ سے تیار روایتی فرنیچر کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں بڑی مانگ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمارا حقیقی دوست اور برادر ملک ہے اور ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین گہرے مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین ملک ہےاور سعودی فرنیچر ساز اور سرمایہ کار فرنیچر سیکٹر، تعمیراتی شعبے اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔