لاہور ( این این آئی)پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات زاہد بخار ی نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ودھ ہولڈنگ ٹیکسوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ بینکوں سے اپنی ہی رقم کے لین دین پر عائدودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینکوں سے اپنی ہی رقم کے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ہے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، و دیگر ٹیکسوں کی موجودگی میں ودہولڈنگ ٹیکس کا جواز باقی نہیں رہتا ۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے کہا کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی سابق حکومت کو ودھ ہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرنے کی تجویز دے چکا ہے کیونکہ اس ٹیکس کے باعث بینکوں سے لین دین میں کمی اور بینکوں کے ڈیپازٹ میں کمی ہورہی ہے اس لیے بینکوںسے لین دین پر اس ٹیکس کو ختم کیا جانا ازحد ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار ودھ ہولڈنگ کے باعث پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ اپنی ہی رقم کے لین دین پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس جگا ٹیکس کے مترادف ہے ود ہولڈنگ ٹیکس کے باعث عوام کا بینکوں پر سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے اور اس ٹیکس کے باعث بینکوں کے سرمائے میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ سے کاروباری سرگرمیوں اور بینکوں سے لین دین میں اضافہ ہوگا اور عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔