لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب پولیس اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی نہ بنا سکی ، لاہور میں گرفتار نہ ہونے والے اشتہاریوں کی تعداد 18872 تک جا پہنچی ۔تفصیلات کے مطابق 18872 اشتہاری لاہور پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں، پولیس کی جاری کی جانے والی اشتہاریوں کی فہرست میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔
چند ماہ پہلے جب آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے اپنے عہدے کا چارج لیا تو انہوں نے اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی ، اس کے باوجود صوبے بھر میں اشتہاریوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور بھی اشتہاریوں کی تعداد کے لحاظ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔
گرفتارنہ ہونے والےاشتہاریوں کی تعداد 18872 تک جا پہنچی ہے، اشتہاریوں کی جاری کی جانے والی پولیس کی خفیہ فہرست دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ فہرست میں شامل اشتہاری کئی برسوں سے قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔
آئی جی آفس میں منعقد ہونے والی آرپی اوز کانفرنس میں اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے لیکن کچھ ماہ سے اشتہاریوں کی گرفتاریوں میں انتہائی کمی آئی ہے ۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز کاکہنا ہے کہ لاہور پولیس نے 2220 اشتہاریوں کو رواں سال کے پہلے تین ماہ میں گرفتار کیا ہےاور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے لاہور پولیس نے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔