قیدیوں کی سنی گئی، اب گرم کھانا ملے گا

 جیل میں قیدیوں کو تازہ کھانے کی فراہمی کیلئے پہلی دفعہ اوقات کار تبدیل کردیے گئے، شام کا کھانا 4 بجے کی بجائے مغرب کی نماز کے بعد مہیا کیا جائے جبکہ جیلوں میں دیئے جانیوالے کھانے کی کیلوریز چیک کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی۔

آئی جی جیل مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ جیل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ اقدام اٹھایا گیا ہے کیونکہ جیلوں پہلے ناشتہ صبح سویرے جبکہ شام کا کھانا بھی جیل بند کرنے سے پہلے ساڑھے چار بجے مہیا کردیا جاتا تھا جس کی وجہ لیٹ کھانا کھانے والے قیدیوں کو ٹھنڈا ہی کھانا پڑتا تھا لیکن نئے اوقات کار کے مطابق صبح 7 بجے روٹی اور چائے دی جائےگی۔ دوپہر 12 سے 1 دوپہر کا کھانا اور جیل لاک اپ یعنی مغرب کے بعد رات کا کھانا دیا جائے گا تاکہ قیدی تازہ کھانا کھا سکیں۔

آئی جی جیل کا مزید کہنا تھا کہ صحت مندانہ کھانے کی فراہمی اور کھانے میں کیلیوریز چیک کرنے کیلئے ایک ڈی آئی جی اور 2 سپرنٹنڈنٹس پر کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک ہفتے میں ماہرین کے ساتھ ملکر رپورٹ تیار کرکے آئی جی آفس بھجوائیں گے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو معیاری کھانے کی فراہمی کیلئے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے، مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ عام آدمی کی طرح صحت مند خوراک ہر قیدی کاحق ہے۔