ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 847 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 847 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، 100 انڈیکس 41 ہزار 112 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

حکومت کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج اور اس میں رجسٹرڈ کمپنیوں کو منی بجٹ میں دی گئی مراعات کے اعلان کے بعد سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا دور جاری ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 2 فیصد بڑھ گیا اور مارکیٹ 847 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 112 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

تیزی کے باعث مقامی سرمایا کاروں کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایا کاروں نے بھی شیئرز کی بڑھ چڑھ کر خریداری کی اور کئی ماہ کے بعد کسی ایک ہفتے میں 1 کروڑ 22 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص کی خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے باعث شیئرز کی مالیت میں 119 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شیئرز کی مالیت اب بھی کافی کم ہے، معاشی حالات میں جیسے جیسے بہتری آ رہی ہے مقامی اور بیرونی سرمایا کاروں کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔