سہولیات

پاکستان میں صحت کی سہولیات اور آگاہی کے فقدان کے باعث ذیابیطس،پھیپھڑوں،جگر اور دل کے امراض میں اضافہ ہونے لگا

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں صحت کی سہولیات اور آگاہی کے فقدان کے باعث ذیابیطس،پھیپھڑوں،جگر اور دل کے امراض میں اضافہ ہونے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے وجوحات سے متعلق فیکٹ شیٹ تیار کرلی گئی ۔

دستاویز کے مطابق ٹی بی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر ہے،پاکستان میں سالانہ 5 لاکھ 18 ہزار افراد ٹی بی کا شکار ہوتے ہیں۔فیکٹ شیٹ میں کہاگیاکہ ملک میں ہر ایک منٹ میں ٹی بی کا ایک کیس سامنے آتا ہے،نوجوانوں کی آبادی کا 26 فیصد حصہ زیابیطس کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبادی کا ہر 10 واں فرد ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار ہو رہا ہے، آبادی کا 46 فیصد حصہ بلڈ پریشر کی بیماریوں کا شکار ہے۔ وزارت صحت کے پاکستان میں ہر تیسری موت کا سبب دل کے امراض کے باعث ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان میں دل کے خطرناک امراض کا سب سے بڑا سبب تمباکو نوشی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق 22 کروڑ کی آبادی میں سے 2 کروڑ 40 لاکھ کی آبادی سگریٹ نوشی میں مبتلا ہے۔وزارت صحت کے مطابق ملک کی آبادی کا 10 فیصد سے زائد حصہ سالانہ 64 ارب روپے کی سیگریٹ پھونک جاتا ہے۔