کراچی(این این آئی)رواں مالی سال کے دوران پاکستان اورامریکہ کے درمیان تجارت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہواہے۔
ا سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں امریکہ کو برآمدات سے پاکستان نے 2.684 ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.21 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں امریکہ کوبرآمدات سے پاکستان نے 2.527 ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ ماہ فروری میں امریکہ کوبرآمدات سے ملک کو 320.81 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 10.28 فیصد زیادہ ہے ۔
گزشتہ سال فروری میں امریکہ کو برآمدات سے پاکستان نے 290.899 ملین ڈالر کا زر مبادلہ کمایا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرفروری 2019 تک امریکہ سے درآمدات پر پاکستان نے 1.360 ارب ڈالر کا زمبادلہ خرچ کیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکہ سے درآمدات پرپاکستان نے 1.218 ارب ڈالر کازرمبادلہ صرف کیا تھا۔