لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے حکم کے باجود گنے کے کاشتکاروں کو رقم ادا نہ کرنے کےخلاف درخواست پر فریقین کے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے گنے کے کاشتکاروں کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے گنے کے کاشت کاروں کو پیسے ادا کرنے کا حکم دیا مگر اس کے باجود ملز مالکان اور کین کمشنر پیسے ادا نہیں کر رہے ہیں۔
معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پیسے ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔ عدالتی حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے ۔فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باجود پیسے کیوں نہیں ادا کیے گئے۔ گنے کے مالکان کو بارڈر کے پار چھوڑ آئیں کیا۔ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ سات روز کے اندر اندر مالکان کو پیسے ادا کر دیں گے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کبھی گنے کے کاشتکاروں کے بارے میں سوچا ہے ، گنے کے کاشتکاروں کی متعدد درخواستیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔