لاہور(این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان نے عوام کے تحفظ اور پنجاب پولیس کے مسائل کے حل کے لئے اہم اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ بلندعوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ہمیں عوام دوست پولیسنگ، قانون کی بالادستی،سخت محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کی بنیاد پراپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرنا ہوں گے۔
میں چاہتا ہوں کہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مستعد پٹرولنگ، موثر کرائم پٹرول اور اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے صوبہ بھر میں مکمل تحفظ کو یقینی بنا یا جائے۔انہوںنے کہاکہ خواتین،اقلیتوں اور معاشرے کے محروم طبقوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔پولیس رویہ اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے شکایا ت بالکل برداشت نہیں کی جائیں گی۔شواہد کی بنا پر شفاف تحقیقات کرتے ہوئے،قانون کی بلا امتیاز اور منصفانہ بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
عوام کی مدد سے جرائم کی روک تھام کرتے ہوئے امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے ایک جامع کمیونٹی بیسڈپروگرام شروع کیا جائے گا،تنازعات کے حل کے لئے متبادل نظام کا قیام بھی اس کا حصہ ہو گا۔انہوںنے کہاکہ پولیس فورس پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عوام کا عتماد جیتنے کے لئے ہمیں مکمل طور پر غیر سیاسی رہتے ہوئے اپنے رویہ کو مزید بہتر کرناہو گا۔
عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ایمر جنسی 15اور آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 8787کو جدید سہولیات فراہم کرتے ہوئے مزید بہتر کیا جائے گا۔تربیت کا معیار مزید بہتر بناتے ہوئے نئے سپیشلائزڈ سکول بنا ئیں گے تاکہ پویس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ سخت اور بلا امتیاز احتساب اور شفاف مالیاتی نظام میری ترجیح ہو گا۔
مجموعی طور پر ورکنگ کنڈیشنز،خصوصا تھانوں کی صورتحال میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر میری خصوصی توجہ ہو گی۔فورس میں موجود کانسٹیبلری اور آفیسرز کو یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ ضابطہ کار کے مطابق کسی کو بھی اس کا موقف سنے بغیرسزا نہیں دی جائے گی۔شہدا کی فیملیز اور فورس کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔