لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے معاہدے ورلڈ کپ تک ہیں جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے انکے معاہدے میں توسیع کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کی خواہش پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، مکی آرتھر اس سے قبل بھی مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کئی بار میڈیا میں بھی کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور مزید کام کرنے کے خواہش مند نہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد مزید کام نہ کرنے کا پیغام پی سی بی کو پہنچا دیا ہے۔یاد رہے کہ گرانٹ فلاور سے پہلی بار مئی 2014ءمیں دو سالہ معاہدہ کیا گیا تھا۔
قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس کے استعفے کے بعد پی سی بی نے 6مئی 2016ءکو جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔مکی آرتھر اس سے قبل 2011ءسے 2013ءتک آسٹریلیا اور 2005ءسے 2010ءتک جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔