AleemKhan

اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس،علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع

لاہور(سی پی پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس کی سماعت کے دوران علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں علیم خان کے خلاف اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت احتساب عدالت کے جج نجم الحسن بخاری نے کی۔تحریک انصاف رہنما علیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے احتساب عدالت پہنچایا گیا، اس موقع پر ان کے ساتھ قومی ادارہ احتساب (نیب) اور ان کی اپنی ذاتی سیکیورٹی موجود تھی۔دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے کہا کہ علیم خان کے خلاف تفتیش مکمل کرلی گئی، رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جلد پیش کردی جائے گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کسی کو بلاوجہ کیوں جیل میں رکھا جائے؟ پراسیکیوٹر نے کہا کہ 23 اپریل کو ہائیکورٹ میں بھی علیم خان کی ضمانت پر سماعت ہے۔اس موقع پر علیم خان کے وکیل نے کہا کہ پہلے بھی انہوں نے یہی بات کی اب پھر وہی کہہ رہے ہیں، کسی کو غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھ سکتے۔ اگلے ہفتے ہائیکورٹ میں سماعت ہے تو مطلب پھر بھی کچھ نہیں ہونا۔ نیب بتائے کہ حتمی رپورٹ کب تک پیش کرے گا؟۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس اور رپورٹ پیش کرنے کے لیے حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔عدالت نے آئندہ سماعت تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کردی۔