اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کے خلاف کیس میں سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری صحت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزارتوں سے جوائنٹ سیکرٹری یا سینئر افسرذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
بدھ کو نجی ادارے لکی فاﺅنڈیشن کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی ۔ وکیل کاشف ملک نے کہاکہ اقوام متحدہ کی ڈرگ رپورٹ میں اسلام آباد کی الارمنگ صورتحال ہے، سابقہ وزیر داخلہ نے کہا 75 فیصد لڑکیاں اور 45 فیصد لڑکے ڈرگ استعمال کرتے ہیں،اخبارات کے مطابق اسلام آباد کے تین پولیس آفیشلز بھی ڈرگ مہیا کرنے میں ملوث ہیں۔
عدالت نے ڈائریکٹر اے این ایف کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔وکیل نے کہاکہ عدالت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کی ہدایت کرے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دوہفتے کےلئے ملتوی کر دی۔