سرکاری ہسپتالوں

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو 100فیصد ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘یاسمین راشد

لاہور(این این آئی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں 2019-20کے سالانہ ترقیاتی بجٹ پروگرام کا اجلاس ہوا،جس میں صوبائی سیکرٹری کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، سپیشل سیکرٹری مظفر سیال اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت نے اجلاس میں55نئی شروع ہونے والی جبکہ 36جاری سکیموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر 36نئی سکیموں میں سے 26جنوبی پنجاب کیلئے مختص کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو 100فیصد ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ بنیادی اور دیہی صحت مراکز کی بحالی کا تیزی سے کام جاری ہے۔

متعلقہ حکام کو وزیراعظم صحت اقدامات کے حوالے سے پنجاب کے 8اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات بارے روزانہ کی پیش رفت کا جائزہ لیاجاتا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو صاف ستھرا ماحول اور بہترین سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔