اسلام آباد (این این آئی)معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر اور ملکی ترقی میں مزدوروں کو اہم شراکت دار سمجھتے ہیں، مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے، آجر اور اجیر میں اچھے تعلقات معاشرے کی ترقی کی بنیاد بن سکتے ہیں، مزدور کا احساس پروگرام مزدوروں کے سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
بدھ کو معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ محنت کش اپنے خون، پسینے سے دنیا کو آباد کئے ہوئے ہیں،انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نئے پاکستان کی تعمیر اور ملکی ترقی میں مزدوروں کو اہم شراکت دار سمجھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک میں ایسی اصلاحات لے کر آئیں گے جس سے محنت کی عظمت پروان چڑھے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف مزدوروں، محنت کشوں اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان مزدوروں کو ان کے حقوق دلانا چاہتے ہیں،ہم ریاست مدینہ کے اصولوں کی روشنی میں مزدوروں کو ان کا حق دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوںنے کہاکہ مزدوروں کی جدوجہد عالمی تحریک بن چکی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آجر اور اجیر میں اچھے تعلقات معاشرے کی ترقی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ مزدور کا احساس پروگرام مزدوروں کے سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوںنے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے مزدوروں کو خوشحال کریں گے، ان کو معاشرے میں حقیقی مقام دلائیں گے۔