لاہور(این این آئی )فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی نے معروف بزنس مین اور سیاسی رہنما میاں کاشف اشفاق کو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ (ایف آئی ای ڈی ایم سی) کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
دارو خان اچکزئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ میاں کاشف اشفاق تجربہ کار بزنس مین ہیں جو قبل ازیں غیر منافع بخش تنظیم پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کو بطور سی ای او انتہائی کامیابی سے چلا رہے ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ میاںکاشف اشفاق فیصل آباد کے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ایف آئی ای ڈی ایم سی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں کاشف کا تقرر درحقیقت ان کی بطور بزنس مین اور سیاستدان شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کاٹیج انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے اور درآمد و برآمد پر تجارت سے متعلقہ ریگولیٹری معلومات کے حصول کے لئے ٹریڈ انفارمیشن پورٹل شروع کی جائے تاکہ پاکستانی بزنس کمیونٹی بین الاقوامی مارکیٹوں سے منسلک ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں کاٹیج انڈسٹری کو بھی جگہ دی جائے خاص طور پر سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اس مقصد کیلئے موجودہ ڈھانچے میں یا موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس سے متصل اضافی زمین حاصل کی جاسکتی ہے۔ انجنیئر دارو خان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میاں کاشف اشفاق کی متحرک اور زیرک قیادت میں ایف آئی ای ڈی ایم سی سے متعلق تجارت اور صنعت کو درپیش مشکلات اور مسئل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ایف آئی ای ڈی ایم سی اور ایف پی سی سی آئی کے مابین موجودہ تعلقات اور تعاون مزید مضبوط ہونگے۔ میاں کاشف اشفاق نے مبارکباد پر ایف پی سی سی آئی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بززد کے بھی مشکور ہیں۔
انہوں نے مجھے ایف آئی ای ڈی ایم سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا سربراہ نامزد کر کے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کا ر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی ایف آئی ای ڈی ایم سی حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ ان سہولیات کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کریں جو یہاں دستیاب نہیں تاکہ یہ معاملہ فوری طور پر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی ای ڈی ایم سی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کرے گی تاکہ صوبے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، یہاں زرعی برآمدات اور ویلیو ایڈیشن سیکٹرز میں بھی بڑی گنجائش موجود ہے۔کاروباری برادری کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے ان پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔