فائر فائٹرز

4 مئی فائر فائٹرز کا عالمی دن، نیشنل فائرسیفٹی کوڈز سے ہم محفوظ پنجاب کو یقینی بنا سکتے ہیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور(اے پی پی ) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر فائر فائٹرزکوخراج تحسین پیش کیا۔

اس دن کی مناسبت سے انھوں نے کہا کہ فائر فائٹرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے شہریوں کو نہ صرف ریسکیو کرتے ہیں بلکہ قیمتی املاک کو بھی بچاتے ہیں.

آگ سے بچاو کے لیے حفاظتی اقدامات اور آگ کے حادثات سے آگاہی ضروری ہے۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں فائر اینڈ ریسکیو سروسزعوام اور اداروں کے تعاون سے آگ سے بچاواور فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلیے کام کرتی ہیں۔

ڈی جی ریسکیو نے شہروں کی بلند و بالا عمارتوں اور پلازوں میں نیشنل فائر سیفٹی کوڈ 2016 پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا.

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں منظم ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم کے قیام کے بعد پہلی ماڈرن فائرسروس کا آغاز2007 میں کیا گیا، اور ریسکیو فائرسروس نے اب تک 125,000سے زائد آتشزدگی کے واقعات پر بروقت ریسپانڈ کرتے ہوئے 376 ارب کے ممکنہ نقصانات کو محفوظ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں فائر فائٹر ز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ، ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں گزشتہ روزفائر فائٹرز کا عالمی دن منایا گیا