مصنوعات کی

رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 24فیصد کمی

کراچی(این این آئی)رواں مالی کے پہلے دس ماہ میں جولائی تا اپریل کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 24فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران فروخت کا حجم 15.3ملین ٹن رہا ہے ۔

پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں کمی کے بنیادی اسباب میں فرنس آئل اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں ہونے والی نمایاں کمی شامل ہیں۔ شجر کیپٹل کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں فرنس آئل کی فروخت میں 56.6فیصد اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 19فیصد کی کمی ہونے سے فروخت کا حجم بالترتیب 2.448ملین ٹن اور 6ملین ٹن تک کم ہوگیا ۔

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران پٹرول کی فروخت میں 1.9فیصد کے اضافہ سے فروخت کا حجم 6.090ملین ٹن کے مقابلہ میں 6.204ملین ٹن تک بڑھ گیا ۔ اپریل 2019 کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 48.3فیصد کے اضافہ سے فروخت کا حجم 2لاکھ 74ہزار ٹن تک بڑھ گیا اور اسی طرح پٹرول کی فروخت بھی 4.8فیصد کے اضافہ سے 6لاکھ 77ہزار ٹن تک بڑھ گئی ۔