معاشی استحکام

معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کویکساں مراعات فراہم کی جائیں’شہباز اسلم

لاہور ( این این آئی)ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری وسابق وائس چیئرمین فیروز پور روڈ انڈسٹریل اسٹیٹس شہباز اسلم نے کہا ہے کہ معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے انہیں بھر پور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم ہوسکیں اور بے روزگاری کی شرح میں کمی آسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فاﺅنڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ،کاروباری ،تجارتی سرگرمیوں کے ناموافق حالات، بجلی و گیس کے بحران ان کی قیمتوں میں اضافہ ،بے تحاشہ ٹیکسز نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بددل کردیا ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری بنگلہ دیش، انڈیا اور دیگر ممالک میں شفٹ ہوگئی ہے ۔

شہباز اسلم نے کہا کہ اس وقت ملک کو سب سے بڑا درپیش چیلنج توانائی کا بحران اور معیشت کی بہتری کا ہے ۔جب ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی ہوگی تو غیر ملکی سرمایہ کاری خود بخود پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں گے جس سے نہ صرف صنعت کا پہیہ رواں دواں ہوگا بلکہ مزدوں کو بھی روزگار ملے گا جس سے معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ گردشی قرضوں پر قابو پاکر لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ لائن لاسز اور بجلی چوری کی روک تھام سے بھی گردشی قرضوں میں کمی ہوگی۔