لاہور ( این این آئی)چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے مزید قرضوں کے عوض آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرکے بجلی و گیس مہنگی کرنے کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا،مہنگی گیس و بجلی سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور مہنگی اشیاءکے باعث ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھے گا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر کمی کا شکار ہونگے جس سے معاشی بحران مزید سنگین ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل پیرا ہوکر تین سالوں میں بجلی و گیس کی مد میں 340ارب روپے صارفین کی جیبوں سے نکالے جائیں گے جس سے صنعتی شعبہ بھی متاثر ہوگا۔
انہوںنے کہا کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کنٹرول کرنے اور صنعتی ترقی کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے کمی کی جائے۔انہوںنے کہا کہ صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نہ صرف مینو فیکچررز کی معاونت ہو ، بلکہ صنعتی کارکنوں کو بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کے اقدامات کیے جائیں ۔