استفادہ

حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام رمضان پیکیج سے استفادہ نہیں کر سکے‘ سابق چیئرمین پی سی سی

لاہور( این این آئی) یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی عدم فراہمی ،رمضان بازاروں اور فیئرپرائس شاپس پر طلب کے مقابلے میں رسد میں کمی کی وجہ سے عوام حکومت کے اعلان کردہ رمضان پیکیج سے استفادہ نہیں کر سکے ،حکومتی مشینری کے متحرک نہ ہونے کی وجہ سے گرا ں فروشی کے باعث عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارپرائس کنٹرول کمیٹی کے سابق چیئرمین میاں عثمان نے اپنی رہائشگاہ ملاقات کےلئے آنے والے صارفین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیئر پرائس شاپس پر سبسڈی تو دی گئی ہے لیکن مرد و خواتین قطاروں میں لگے ہوئے ہیں اور دور درازے سے سفر کر کے آنے والوں کو چینی سمیت مختلف اشیاءصرف ایک یا دو کلو فراہم کی جارہی ہیں ۔پھلوں خصوصاً سبزیوں کیلئے طلب کو پورا کرنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

دوسری جانب یوٹیلٹی سٹورز خالی پڑے ہوئے ہیں اور سبسڈی پر اعلان کردہ 19اشیاءمیں سے ایک بھی دستیاب نہیں۔ امسال رمضان المبارک میں عوام جس قدر مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے متحرک نہ ہونے کی وجہ سے گراں فروش من مانیاں کر رہے ہیں اور زائد نرخوں کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق حالیہ دنوں میں کروڑوں روپے کی گراں فروشی ہو چکی ہے اور اگر یہی سلسلہ بر قرار رہا تو رمضان المبارک کے اختتام تک یہ حجم کئی گنا بڑھ جائے گا ۔