لاہور ( این این آئی) امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی فراڈ کیسز میں قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور میں پیش ہوئے جہاں ان سے مختلف سوالات کیے گئے تاہم انہوں نے مکمل جواب جمع کروانے کے لئے مہلت مانگ لی ۔
ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی پر انسائیڈ ٹریڈنگ سمیت 40 ارب روپے کے فراڈ کا الزام ہے،علی جہانگیر صدیقی پر ایز گارڈن نائن اور ایگری ٹیک کے شیئرز کی فروخت میں بدعنوانی کا الزام ہے،سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری رہنے والے فواد حسن فواد کے اکاﺅنٹ میں علی جہانگیر صدیقی کے امریکہ میں سفیر تعینات ہونے سے چند روز قبل بڑی رقم منتقل ہوئی، نیب فواد حسن فواد کے اکاﺅنٹ میں منتقل ہونے والی اس رقم اور اس کے محرکات کی بھی تحقیقات کر رہا ہے،نیب لاہور نے علی جانگیر صدیقی کی کمپنیوں کے تمام سرکاری و نجی بنکوں سے معاف یا ریسٹرکچرڈ کئے گئے قرضوں کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی نے چار روز قبل نیب لاہور میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے ۔ نیب نے علی جہانگیر صدیقی سے فواد حسن فواد اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے کاروباری تعلقات پر بھی سوالات کئے۔ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی نے ایک بار پھر اپنا مکمل جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگی ہے۔