ایف بی آر کے

آل پاکستان انجمن تاجران کاچیئرمین ایف بی آر کے اقدامات کا خیر مقدم

لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے کاروباری مراکز ،دفاتر پر چھاپوںاور پیشگی اطلاع دئیے بغیر بینک اکاﺅنٹس منجمدکرنے پر پابندی عائد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنے اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اس طرح کے اقدامات نا گزیر ہیں ،ٹیکس ایمنسٹی سکیم دیرپا حل نہیں بلکہ معیشت کو دستاویزی کر کے مربوط ڈیٹا مرتب کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تجارتی مراکز میں پارکنگ اور سکیورٹی مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ محکمے تاجروں کے مسائل کو زیر غور نہیں لاتے جو گھمبیر صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عید الفطر کی خریداری کےلئے آنے والوں کےلئے پارکنگ انتظامات اور پولیس سکیورٹی تعینات کرنے کےلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک نے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ای ٹیکسیشن کے ذریعے اپنی آمدنی میں اضافہ کیا ہے لیکن بد قسمتی سے ہم ابھی تک فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے ۔

نئے تعینات ہونے والے چیئرمین ایف بی آرکی جانب سے مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے لیکن انہیں چاہیے کہ ٹیکس دینے والوں کو درپیش مسائل سے آگاہی کےلئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں اور ان سے تجاویز لی جائیں ۔ ادارے کی اپنی بعض پالیسیاں ٹیکس نیٹ میں اضافے میں رکاوٹ ہیں ،ٹیکسیشن کے نظام کو سہل بنایا جائے اور اپنے افسران او رملازمین کےلئے بھی سخت مانیٹرنگ کی پالیسی لائی جائے، ٹیکس کی شرح میں کمی کی جائے ، ٹیکس دینے والوں کو عزت و احترام دیا جائے اور انہیں یوٹیلٹی بلز سمیت دیگر مدوں میں ریلیف دیا جائے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے ٹیکس دہندگان میں مایوسی پھیلتی ہے اس لئے اسے دیرپا حل قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ حکومت معیشت کو دستاویزی شکل میں لائے اور مربوط ڈیٹا مرتب کر کے اسے سنٹرلائز کیا جائے تاکہ ٹیکس چوری اور لیکج کو روکا جا سکے ۔