کراچی(صباح نیوز)رواں ہفتہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 30کاروباری ہفتوں کے بعد بدترین ہفتہ رہا۔100انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 1549 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے اور سرمایاکاروں کے 315ارب روپے ڈوب گئے ہیں۔ 100انڈیکس میں4.5فیصد گراوٹ دیکھی گئی ہے اور انڈیکس 33166پر بند ہوا ہے۔
بیرونی سرمایا کاروں نے 82لاکھ ڈالرز مالیت کے حصص خریدے ہیں۔ جنوری سے لے کر اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی تیسری بدترین کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹ بن گئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب ایک ہفتے میں ڈالر سات روپے 60پیسے مہنگا ہوا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 149روپے میں بند ہوا ہے۔
جبکہ ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 800ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر سات روپے 30پیسے مہنگا ہو کر 151میں فروخت ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں پانچ فیصد تک اضافہ ہو جائے گا۔