بے بی فرینڈلی

وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں بے بی فرینڈلی پروگرام شروع کرنے کا اعلان

لاہور(این این آئی) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں بے بی فرینڈلی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیرصحت نے اس بات کا اعلان محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرمیں نوزائیدہ بچوں کی صحت بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف، انفینٹ فیڈنگ بورڈ ممبران، ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل) ڈاکٹرعاصم الطاف اورڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیرخان سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیرصحت پنجاب نے انفینٹ فیڈنگ بورڈکی سالانہ کارکردگی کابھی جائزہ لیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ نوزائیدہ بچوں کی نشوونما اورصحت کویقینی بنانے کیلئے ماں کے دودھ پیدائش سے ہی انتہائی اہم ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بے بی فرینڈلی پروگرام شروع کرنے کابنیادی مقصدماووں میں بچوں کواپنادودھ پلانے کے حوالہ سے آگاہی پیداکرنا ہے۔پنجاب کے مختلف محکمہ جات میں بنائے گئے ڈے کئیرسنٹرزاس حوالہ سے اہم کرداراداکرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب بھر میں نوزائیدہ بچوں کیلئے ماں کے دودھ کارجحان بڑھانے کیلئے انفینٹ فیڈنگ بورڈ کے تحت الگ سیکرٹریٹ بنایاجائے گا۔پنجاب کے شہروں سمیت دیہی علاقہ جات میں نوزائیدہ بچوں کیلئے ماں کے دودھ کی اہمیت کواجاگر کرنے کیلئے فوراًآگاہی پروگرام شروع کیاجائے۔