لاہور( این این آئی) برابری پارٹی کے چیئرمین جواد احمدنے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن ہمارے لئے بڑے اہمیت طلب ہیں کیوں کہ ان الیکشن کی وجہ سے اختیارات اور وسائل عام لوگوں تک پہنچتے ہیں ،اس بار لوکل گورنمنٹ الیکشن ملکی تاریخ میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ ہر سیاسی جماعت یہ نعرہ لگاتی ہے کہ وہ تمام بنیادی حقوق عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچائے گی مگر الیکشن کے بعد عوام کے منتخب نمائندے اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو چکمہ دے کر غائب ہوجاتے ہیں ۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ لوگ ووٹ دے کر اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں مگر انھیں ان کے خوابوں کی تعبیر نہیں ملتی انھیں گھر کی دہلیز پر طبی سہولیات صاف پانی کی فراہمی ویسٹ اور سیوریج کی نکاسی فراہم کرنا لوکل گورنمنٹ کا کام ہے جسکی ذمہ داری منتخب نمائندے پر آتی ہے مگر ماضی میں تحریک انصاف مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے اپنے علاقے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے میں عمل ناکام نظر آئے جس کے باعث 99فی صد لوگوں کوان کے بنیادی حقوق نہیں ملے ۔اس لیے برابری پارٹی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔