تفتیش کیلئے

نیب نے نواز شریف سے 34 بلٹ پروف گاڑیوں کی تفتیش کیلئے احتساب عدالت سے اجازت لے لی

اسلام آباد (آئی این پی)قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے سارک کانفرنس کیلئے بیرون ملک سے منگوائی گئیں 34 بلٹ پروف گاڑیوں کو ذاتی استعمال میں لانے کی تفتیش کیلئے احتساب عدالت سے اجازت حاصل کرلی‘ نیب ٹیم کوٹ لکھپت جیل لاہور میں نواز شریف سے بلٹ پروف گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال پر پوچھ گچھ کرے گی۔منگل کواحتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سے نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے بلٹ پروف گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال پر تفتیش کی اجازت مانگی جس پر فاضل جج نے نیب راولپنڈی کو کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی۔

بلٹ پروف گاڑیوں کے غیرقانونی استعمال پر نواز شریف کے خلاف نیب نے بتایا کہ بلٹ پروف گاڑیاں نواز شریف اور مریم نواز نے بھی استعمال کی ہیں،جرمنی سے 34 بلٹ پروف گاڑیاں ڈیوٹی ادائیگی کے بغیر خریدی گئیں،بلٹ پروف گاڑیاں سارک کانفرنس 2016کے مہمانوں کےلئے تھیں،34بلٹ پروف گاڑیوں میں سے 20گاڑیاں نواز شریف نے اپنے قافلے میں شامل کرلیں، نیب نے بلٹ پروف گاڑیوں کی انکوائری میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بیان بھی قلمبند کرلیا ہے۔

نیب نے بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں فواد حسن فواد اور سابق سیکرٹری خارجہ سے بھی پوچھ گچھ کی اور بتایا کہ وزارت خارجہ کے افسران نے بلٹ پروف گاڑیوں کے معاملے میں اختیارات سے تجاوز کیاہے،بلٹ پروف گاڑیاں نواز شریف کے اہلخانہ نے استعمال کی ہیں۔