راولپنڈی (اے پی پی )پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ 21 رمضان سے پنجاب بھر میں لگائے گئے تمام رمضان بازاروں میں عوام الناس کو عید پر استعمال ہونے والی اشیائے خورو نوش سمیت خواتین کی دلچسپی کی اشیاء بھی دستیاب ہوں گی جس پر حکومت پنجاب 2 کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی اس کے علاوہ یکم رمضان سے ان بازاروں میں فراہم کی جانے والی دیگر اشیاء صرف بھی چاند رات تک بدستور عوام کو دستیاب ہوں گی ۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ انہوں نے یہ بات مختلف رمضان بازاروں کے معائنے اور عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔
راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اس مرتبہ عوام کو معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کی پوری پوری کوشش کی گئی اور تمام اضلاع میں متعلقہ ضلعی انتظامی افسران نے پوری محنت ، ایمانداری اور تندہی کے ساتھ کام کیا جس کا نتیجہ ہے کہ عوام الناس نے ہر جگہ ان بازاروں کے انعقاد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا . انہو ں نے کہا کہ چینی کی کم مقدار میں فراہمی کی وجہ یہ ہے کہ بعض ناجائز منافع خور لوگ رمضان بازاروں سے چینی سستے داموں خرید کر عام بازاروں میں مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کر دیتے . انہوں نے کہا کہ مشکل دور کا زیادہ حصہ گزر چکا ہے جس کی وجہ ماضی میں کی جانے والی بے انتہاء کرپشن ہے اور اس کے خلاف تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں عوام کو بہت جلد واضح تبدیلی محسوس ہوگی . عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو با اختیار بنایا جا رہا ہے اور وہ اپنی مرضی اور ترجیحات کے مطابق ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا خود فیصلہ کریں گے . ہمیں عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کی راہ میں بچھے بے شمار کانٹے چننے پڑے اور الحمدللہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کے ساتھ ہم آگے بڑھ رہے ہیں . عوام اپوزیشن کے بے بنیاد پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں ۔