مزیدبے وقوف

حکمراں جھوٹی خوشخبریاں سنا کر لوگوں کو مزیدبے وقوف نہیں بنا سکتے، مولانا فضل الرحمٰن

سکھر( صباح نیوز)جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے 9 ماہ میں ملک کو سنگین معاشی بحرانوں اور خطرناک سیاسی و سماجی حالات کی طرف دھکیل دیا ہے کے پی کے کی طرح وفاق میں بھی پی ٹی آئی حکومت کا تجربہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہے، اب عمران خان اکیلے نہیں بلکہ اپنی پوری سیاسی ٹیم سمیت اجتماعی خودکشی کرنے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے کے سربراہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن نے صوبائی رہنماؤں علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبدالحق مہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سکھر میں صوبائی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے جھٹکے آنا شروع ہوگئے ہیں نت نئے بیانات اور دعوؤں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا حکومت کا خاتمہ ہی مسائل کا واحد حل ہے حکمراں خود بے قابو ہیں حالات کو کیسے قابو کر سکیں گے۔

حکمراں جھوٹی خوشخبریاں سنا کر اب مزید لوگوں کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہماری حکومت مخالف تحریک کامیابی کے قریب ہے، ہمارے ملین مارچوں میں عوام کی بے پناہ شرکت نے حکومت کی بنیادیں ھلادی ہیں کوئٹہ اور پشاور کے بعد اسلام آباد کا ٹرپل ملین مارچ موجودہ حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کے لئے آخری دھکہ ثابت ہوگا۔ جے یو آئی رہنما نے کہا کہ موجودہ حالات میں اے پی سی بلانے کا مقصد تمام جماعتوں کو یکجا کر کے قومی یکجہتی کی فضا قائم کرکے کسی بھی طالع آزما اور آمریت کا سدباب کرنا ہے۔

میں تمام اپوزیشن جماعتوں اور پوری قوم کا نمائندہ ہوں ہم ملکی وحدت اور سلامتی اور خود مختار کا تحفظ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس نہیں بلکہ حکمراں خود قومی دھارے سے باہر جا رہے ہیں اور وہی فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو ہوا دیتے ہیں ہم مدارس کے خلاف حکومتی پروپیگنڈے اور سازشوں کو ناکام بنا دینگے۔ آخر میں انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد ٹرپل ملین مارچ کے لئے بھرپور تیاریاں کریں۔