جسم فروشی

جعلی شادیاں کر کے پاکستانی لڑکیوں سے جسم فروشی کے الزام میں گرفتار 11چینی باشندوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع

لاہور( این این آئی )لاہور کی مقامی عدالت نے جعلی شادیاںکر کے پاکستانی لڑکیوں سے جسم فروشی کے الزام میں گرفتار 11چینی باشندوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کردی ۔ جوڈیشنل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو نے کیس کی سماعت کی۔جیل حکام نے نفری کم ہونے اور سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ملزموں کو عدالت میں پیش نہ کیا۔

عدالت نے ملزموں کے خلاف ابتدائی چالان آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے چینی ملزموں کا مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے سماعت 10جون تک ملتوی کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا چائینز باشندے پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ مل کر پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادیاں کر کے چین میں جسم فروشی کا دھندہ کرواتے ہیں ۔ ملزموں کے خلاف سنگین الزامات ہیں۔ چینیوں کے وکیل نے کہا کہ ان پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں،چینی باشندوں نے کچھ نہیں کیا بلکہ کاروبار کے لئے پاکستان آئے ،ان کے پاس پاسپورٹ اور ویزے بھی موجود ہیں ۔