خصوصی پرواز

ملائیشیاءسے 320 پاکستانی قیدی خصوصی پرواز کے ذریعے بدھ کو وطن واپس پہنچیں گے

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز ملائیشیاءکی جیلوں میں قید تین سو بیس پاکستانیوں کو لے کر بدھ کو وطن واپس پہنچے گی۔ یہ پاکستانی خطے میں کشیدگی کی صورتحال کے باعث دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی منسوخی کی بناءپر پھنس گئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملائیشیاءکی جیلوں میں قید تین سو بیس پاکستانی اپنی سزا کی مدت مکمل کرچکے ہیں لیکن فروری 2019ءکے آخری ہفتے میں علاقائی صورتحال کی بناءپر براہ راست پروازوں کی منسوخی کے باعث ان کی وطن واپسی ممکن نہیں ہوپائی تھی۔ ان میں سے اکثریت ان پاکستانیوں کی ہے جنہیں ویزا کی معیاد یا رہائش کی اجازت کی مدت مکمل ہوجانے کے بعد گرفتار کیاگیا تھا۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دی تھیں کہ ان پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں تاکہ وہ عیدالفطر اپنے اہلخانہ کے ساتھ مناسکیں۔

ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں وزارت خارجہ نے وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا تھا جس میں پی آئی اے، سمندر پارپاکستانیوں کی وزارت اور پاکستان بیت المال کے نمائندے شامل تھے۔ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اشتراک عمل کے نتیجے میں خصوصی پرواز (آج) مورخہ 29 مئی 2019ءکو اسلام آباد پہنچے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تقریباً 315پاکستانی قیدی ملائیشیا میں اپنی سزا مکمل ہونے کے باوجود بھی پیسے نہ ہونے کی وجہ سے موجود ہیں ان کو پی آئی اے کی سپیشل فلائٹ کے ذریعے 777بوئنگ میں بدھ کو اسلام آباد پہنچایا جائیگا یہ سب کچھ حکومت پاکستان کی مالی اور قانونی مدد کے بعد ممکن ہوا ہے ۔