او آئی سی کے

او آئی سی کے اجلاس میں ایران کی صورتحال کے حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ او آئی سی کے اجلاس میں ایران کی صورتحال کے حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے ، پاکستان اپنا نکتہ نظر پیش کریگا

،کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے جس میں کشمیر رابطہ گروپ کے ممبران اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب میں آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز کا اجلاس ہے۔ انہوںنے کہاکہ سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی کے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں -اس اجلاس میں او آئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ اجلاس اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ اس اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ایک نیا امن منصوبہ جس کا تذکرہ ہو رہا ہے اس پر بات چیت ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ ایران کی صورتحال ،جس میں کشیدگی اور تناو¿ بڑھ رہا ہے اس حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے ،پاکستان اس اجلاس میں اپنا نکتہ نظر پیش کریگا،اس کے علاوہ سائیڈ لائنز پر میری ملاقاتیں کچھ وزرائے خارجہ کے ساتھ طے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے جس میں کشمیر رابطہ گروپ کے ممبران اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔