اسلام آباد (این این آئی)نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں 55 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ،اضافے سے صارفین پر 5 ارب 20کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا ،
اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ منگل کو نیپرا میں اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کی سماعت وائس چیئر مین نیپرا رحمت اللہ بلوچ کی سربراہی میں ہوئی۔نیپرا کے ممبر پنجاب سیف اللہ چٹھہ اور ممبر سندھ رفیق احمد شیخ بھی شریک ہوئے۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 57پیسے مہنگی کرنے درخواست دی تھی۔ نیپرا کو بتایاگیاکہ اپریل میں کل 9ارب 71کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی ،بجلی پیداوار پر کل لاگت 53ارب تریسٹھ کروڑ روپے رہی ،اپریل میں پانی سے 23فیصد کوئلے سے 10.34فیصد بجلی بنائی گئی ۔ نیپرا کو بریفنگ دی گئی کہ فرنس آئل سے 4.95فیصد گیس سے 18.42فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 30فیصد بجلی بنائی گئی ۔ نیپر احکام کے مطابق اپریل میں آر ایل این جی والے پلانٹس نہیں چلائے گئے ،سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں ہائیڈل سے 22.94 فیصد اورکوئلے سے 10.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی ،مقامی گیس سے 18.24 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے30.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے ۔اپریل میں ایٹمی وسائل سے 7.67 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔بعد ازاں نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں 55 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ۔