شمالی وزیر ستان

شمالی وزیرستان: شہید کیپٹن عارف اللہ اور سپاہی محسن علی سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

لکی مروت (صباح نیوز) شمالی وزیر ستان میں شہید کیپٹن عارف اللہ کی لکی مروت میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی، شہید کیپٹن عارف اللہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا.

کیپٹن عارف اللہ کی نمازجنازہ میں جی او سی 9 ڈویژن اسد نواز سمیت اعلی فوجی و سول افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاک فوج کے سپاہی محسن علی کی نماز جنازہ جڑانوالا کے آبائی گاﺅں پٹھان والا میں ادا کی گئی، شہید کو پاک فوج کے چاقو چوبند دستے نے سلامی دی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے نواب شیر وسیر سمیت سیاسی، سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے فضا میں بلند کئے۔ایف سی اہلکار محسن علی پاک افغان سرحد کے علاقے غلام علی میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہوئے تھے.

شہید کے والد منظور احمد نے کہا مجھے اپنے بیٹے کی وطن کے لئے دی گئی قربانی پر فخر ہے، وطن کی حرمت و بقا کے لئے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔ادھر شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائب حوالدار ظہیر احمد کا جسد خاکی ان کے آبائی گاﺅں پیپلی پہنچا دیا گیا.