لاہور(صباح نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف اور (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد سلمان رفیق کے بجٹ سیشن کے لئے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیئے۔
دونوں کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لئے گزشتہ روز (ن)لیگی رہنماﺅں کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ سے جمعرات کے روز باقائدہ طور پر حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کروا دیئے ہیں۔
پروڈکشن آرڈرز میں ہدایت کی گئی ہے کئی بجٹ سیشن میں روزانہ اجلاس شروع ہونے سے قبل دونوں ارکان کی حاضری کو اجلاس میں یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کیس اور آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں اس وقت 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب لاہور کی تحویل میں ہیں جبکہ خواجہ سلمان رفیق پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔