نارووال(این این آئی) ظفروال روڈ پر دھبلی والا سٹاپ کے قریب مسافر وین اور کوسٹر کے درمیاں تصادم کے نتیجہ میںمسافر وین میں نصب سی این جی سلنڈرپھٹنے سے 5افراد جھلس کر جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ علی الصبح نارووال ظفروال روڈ پر مسافر وین تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والی کوسٹر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں وین میں نصب سی این جی سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور وین آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی جس کے نتیجے میں ایک عورت او ربچے سمیت 5مسافر جھلس کر جاں کی بازی ہار گئے جبکہ 15مسافرزخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے افراد میں مقصود احمدساکن موضع چک حکیم،مشتاق احمد ساکن منان والا،صغیر احمد ساکن خانبور بولار،ریخانہ کوثر ساکن جیرو کے اور مقصود بی بی ساکن جیروکے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بلال، کلثوم، امانت علی، ریخانہ کوثر، کشور سلطانہ ،شفاقت علی،نازلی،صفیہ،مقبول بی بی،زاہدہ بی بی، جنید،عطیہ،شمیم،شاہد،اور شیر علی شامل ہیں ۔ جاں بحق افراد کی لاشوںاور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر لطیف افضل ہسپتال پہنچ گئے اور امدادی کاموں کی نگرانی کی اور زخمیوں کی عیادت کی۔