لاہور(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق کرتے ہوئے بجٹ کے متعلق مشترکہ حکمت عملی کیلئے اعلی سطحی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ، دونوں جماعتوں کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی۔ اتوار کو مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جاتی امرا پہنچے ، ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، حسن مرتضی اور مصطفی نواز کھوکھر کے علاوہ پیپلز پارٹی کی دیگر اعلی قیادت بھی ہے۔
مسلم لیگ (ن) جانب سے مریم اورنگزیب ، رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق اور محمد زبیر موجود ہیں۔ مریم نواز نے جاتی امرا آمد پر بلاول بھٹوزرداری کا استقبال کیا۔ملاقات میں آصف زرداری، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سمیت دیگر سیاسی امور اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران بجٹ کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئے۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت میں حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق اور بجٹ کے متعلق مشترکہ عملی کیلیے اعلی سطحی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی۔واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دعوت افطار پر مدعو کیا تھا، جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، یہ دونوں سیاسی رہنماں کے درمیان پہلی باضابطہ سیاسی ملاقات تھی۔ مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول نے قبول کیا تھا۔