عثمان بزدار

سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا،عثمان بزدار

لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، ماضی کے ادوار میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اورعوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے۔

لاہور سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں، قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کر کے ملک و قوم سے ظلم اور زیادتی روا رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے ادوار میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے.

سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل کی منزل کی طرف رواں دواں ہے، نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے، ہم قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں۔