مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی وفات پر فلسطین اور دوسرے ملکوں میں غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی جاری ہے۔ مسجد اقصیٰ میں بھی ڈاکٹر محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹر محمد مرسی کی وفات پر مسجد اقصی میں غائبانہ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔فلسطینی عوام اور خواص کی طرف سے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ راید صلاح نے کہا تھا کہ وہ مرحوم ڈاکٹر محمد مرسی جب تک مصر کے صدر رہے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں القدس اور مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اطمینان دلاتے رہے۔ ان کی وفات سے مصر، فلسطینی قوم اور پورا عالم اسلام ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گیا۔خیال رہے کہ ڈاکٹر محمد مرسی پرسوں سوموار عدالت میں پیشی کے موقع پر اچانک حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئے تھے۔