اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے ایک بار پھر سابق صدر آصف علی زر داری سمیت چار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آ رڈر جاری کر نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جناب سپیکر ہمارا حق اور ایوان کی رویت پوری کریں ،ماضی میں سابق صدر زر داری ہر الزام سے بری ہوئے اب بھی انشاءاللہ با عزت بری ہونگے ۔
بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا اجلاس شروع ہوتے ہی بلاول بھٹو زرداری نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ سیشن بہت اہم ہوتے ہیں معاشی فیصلے لیئے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سیشن ایک ہفتے سے زیادہ سے چل رہا ہے،اس ایوان کے چار نمائندوں کو بجٹ سیشن میں نہیں آنے دیا جا رہا۔بلاول نے کہاکہ افسوس ہماری پارٹی کو آپ کو روزانہ اپروچ کرنا پڑا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں بھی سابق صدر زرداری ہر الزام سے باعزت بری ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ ہم آج بھی ہر فورم پر لڑ رہے ہیں، انشاءاللہ سابق صدر زرداری باعزت بری ہوں گے۔بلاول نے کہاکہ یہ جو چل رہا ہے جمہوریت کی توہین ہے۔آپ کی کرسی سے جو وعدے کئے گئے وہ پورے نہیں کئے گئے۔بلاول نے کہاکہ پھر مطالبہ کرتا ہوں جو ہمارا حق اور ایوان کی روایت ہے وہ پوری کریں۔انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری اور دیگر ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔